باجوڑ ماڈل سکول میں طلبہ کی تعلیمی حوصلہ افزائی کے لیے ایک شاندار اور پروقار تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد ہوئی، جس میں والدین، اساتذہ، معزز مہمانوں اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا مقصد طلبہ کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہنا اور انہیں مزید محنت و لگن کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دینا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکول کے پرنسپل نظیر ملاخیل نے کہا کہ تعلیم ہی ایک مہذب، پرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ دورِ جدید کے تقاضوں، سائنسی ترقی اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو کر تعلیم حاصل کریں تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا بہتر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔ پرنسپل نے والدین کو بھی تلقین کی کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور گھر کے ماحول کو تعلیمی سرگرمیوں کے لیے سازگار بنائیں۔
تقریب سے عوامی نیشنل پارٹی کے ڈپٹی جوائنٹ سیکرٹری سید صدیق اکبر نے بھی خطاب کرتے ہوئے تعلیم کو قومی ترقی کی کنجی قرار دیا اور کہا کہ باشعور قومیں ہی اپنے حقوق کا تحفظ اور اپنے مستقبل کا تعین کر سکتی ہیں۔ دیگر مقررین نے بھی تعلیمی اداروں کے کردار اور اساتذہ کی محنت کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں ٹرافیاں اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں، جس سے طلبہ میں خوشی اور جوش و خروش کی فضا قائم رہی۔ شرکاء نے تقریب کو نہایت کامیاب قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے اقدامات سے علاقے میں تعلیمی شعور کو فروغ ملے گا۔