باجوڑ۔یوتھ آفس کے زیرِ اہتمام 15 روزہ فری ویڈیو ایڈیٹنگ کورس اختتام پذیر۔تفصیلات کے مطابق باجوڑ میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے یوتھ ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام 15 روزہ فری ویڈیو ایڈیٹنگ کورس کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا، جس میں ضلع بھر سے 130 سے زائد نوجوانوں نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب 18 دسمبر 2025 کو باجوڑ ماڈل سکول اینڈ کالج، سول کالونی خار میں منعقد ہوئی۔اس تربیتی کورس کا مقصد نوجوانوں کو ویڈیو ایڈیٹنگ اور ڈیجیٹل میڈیا کی جدید مہارتیں فراہم کرنا تھا تاکہ وہ فری لانسنگ کے ذریعے باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور باجوڑ کی سیاحت، ثقافت اور مقامی کاروبار کو مؤثر انداز میں اجاگر کر سکیں۔تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی ارشاد خان تھے۔ دیگر معزز مہمانوں میں ایس ڈی ای او میاں عبد الرحمن، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے اور سابق صدر کرکٹ ایسوسی ایشن محمد اسماعیل شامل تھے۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ ٹاپ چار طلبہ کو شیلڈز دی گئیں۔ یوتھ آفیسر فرہاد اللہ نے اس موقع پر پرنسپل باجوڑ ماڈل سکول اینڈ کالج نذیر ملاخیل کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تربیتی کورس کے لیے ہال فراہم کیا۔ اس کے علاوہ یوتھ آفیسر کی جانب سے معزز مہمانوں کو بھی شیلڈز پیش کی گئیں۔شرکائ نے یوتھ ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے آئندہ بھی ایسے تربیتی پروگراموں کے انعقاد کا مطالبہ کیا۔