حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
عمران خان کو جن حالات میں جیل میں رکھا گیا ہے وہ توہین آمیز ہے،بنا کسی تاخیر کے عمران خان کی قید تنہائی ختم کی جائے۔اقوام متحدہ Home / بین الاقوامی,پاکستان /

عمران خان کو جن حالات میں جیل میں رکھا گیا ہے وہ توہین آمیز ہے،بنا کسی تاخیر کے عمران خان کی قید تنہائی ختم کی جائے۔اقوام متحدہ

ایڈیٹر - 14/12/2025
عمران خان کو جن حالات میں جیل میں رکھا گیا ہے وہ  توہین آمیز  ہے،بنا کسی تاخیر کے عمران خان کی قید تنہائی ختم کی جائے۔اقوام متحدہ

 نیویارک ۔ اقوام متحدہ کی تشدد سے متعلق خصوصی نمائندہ ایس چل ایڈورڈز نے کہا ہے کہ پاکستان میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جن حالات میں جیل میں رکھا گیا ہے وہ غیر انسانی یا توہین آمیز سلوک کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔

حکومت سابق وزیر اعظم کے ساتھ حراست کے دوران غیر انسانی اور ناروا سلوک کی خبروں کے متعلق فوری اور موثر کاروائی کرے۔

اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میں پاکستانی حکام سے مطالبہ کرتی ہوں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ عمران خان کی نظر بندی پوری طرح سے بین الاقوامی اصولوں اور معیارات کے مطابق ہو۔

یادر ہے کہ رواں سال ستمبر میں عمران خان کی قانونی ٹیم نے سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ کے ساتھ جیل میں ناروا سلوک کے خلاف اقوام متحدہ کے ایک خصوصی نمائندے سے رجوع کیا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 26 ستمبر 2023 کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کیے جانے کے بعد سے عمران خان کو مبینہ طور پر حد سے زیاد و قید تنہائی میں رکھا گیا ہے جہاں انھیں دن میں 23 گھنٹے ان کے سیل میں رکھا جاتا ہے جبکہ بیرونی دنیا تک ان کی رسائی بھی انتہائی محدود ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان کے سیل کی مبینہ طور پر کیمرے سے مسلسل نگرانی کی جاتی ہے۔

اقوام متحدہ کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کے تحت طویل یا غیر معینہ قید تنہائی ممنوع ہے۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ بنا کسی تاخیر کے عمران خان کی قید تنہائی ختم کی جائے۔