باجوڑ میں ڈی وارمنگ پروگرام کا آغآز۔ مہم 12 دسمبر تک جاری رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایت پر، خیبر پختونخوا میں اسکول جانے والی عمر کے بچوں کو آنتوں کے کیڑوں سے محفوظ بنانے کے لیے صوبائی حکومت کی رہنمائی میں ڈی ورمنگ مہم کا پانچواں مرحلہ 8 سے 12 دسمبر 2025 تک منعقد کیا جا رہا ہے۔ مہم کے دوران صوبے کے 22 اضلاع میں تقریباً 80 لاکھ بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے بچاؤ کی دوا فراہم کی جائے گی۔ باجوڑ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد رفیق اور ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر لودان شاہد نے گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول خار میں مہم کا افتتاح کیا۔ اس مہم کے تحت کلاس 1 سے 10 تک کے اسکولی بچوں اور 5 سے 14 سال کے اسکول سے باہر بچوں کو Mebendazole 500 mg کی خوراک دی جائے گی۔ صوبے کے 26 ہزار اسکولوں میں 30 ہزار اساتذہ کو تربیت دی گئی ہے جو اسکولوں میں 51 لاکھ بچوں کو دوا فراہم کریں گے، جبکہ کمیونٹی سطح پر 7 ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کو 22 لاکھ بچوں تک رسائی کے لیے تربیت دی گئی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے کہا کہ آنتوں کے کیڑے بچوں کی غذائیت، نشوونما اور تعلیمی کارکردگی پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں، اس لیے سالانہ ڈی ورمنگ مہم بچوں کے صحت مند مستقبل کے لیے نہایت ضروری ہے۔