اسلام آباد:خلیجی ممالک میں پاکستانیوں کو ویزے نہ ملنے کی بازگشت سینیٹ کے اجلاس میں بھی پہنچ گئی، سینیٹر دنیش کمار نے پاکستانیوں کے ویزے بحال کرنے کا مطالبہ کیا ورنہ خلیجی ممالک میں اپنے سفارت خانے بند کر دیں۔
سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ خلیجی ریاستوں نے پاکستانی شہریوں کو ویزے دینا بند کر دیے ہیں، وہاں 95 فیصد پاکستانیوں کے ویزے مسترد کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب خلیجی ممالک کو ضرورت ہوتی ہے تو وہ پاکستان کو اپنا بھائی کہتے ہیں لیکن ویزوں کے معاملے پر پاکستانیوں کے ویزے مسترد کیے جا رہے ہیں۔
سینیٹر نے کہا کہ بھارت کو ویزے جاری ہوتے ہیں اور ہمیں نہیں ملتے، ان ممالک میں ہمارے سفیر اس مسئلے کے حل کے لیے کام کریں، اگر معاملہ حل نہ ہوا تو پاکستان ان ممالک میں اپنے سفارت خانے بند کردے۔