امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا کہ افغان پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ویزے جاری کرنے کا عمل فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔
دریں اثنا، یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ مہاجرین سے متعلق تمام فیصلوں کو روک رہی ہے۔
ایجنسی کے ڈائریکٹر جوزف ایڈلو نے کہا کہ تمام فیصلوں کو روک دیا گیا ہے جب تک کہ کسی بھی غیر ملکی کی جانچ نہیں کی جاتی اور زیادہ سے زیادہ اسکریننگ کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ تیسری دنیا کے تمام ممالک سے امیگریشن مستقل طور پر روک دی جائے گی اور داخلی امن کو نقصان پہنچانے والے مہاجرین کی قانونی شہریت منسوخ کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ یہ فیصلے افغان شہری کی جانب سے نیشنل گارڈز مین کو گولی مارنے کے بعد سامنے آئے ہیں۔ بدھ کو وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کرنے والا شخص افغان شہری تھا جو 2021 میں آبادکاری کے پروگرام کے تحت امریکہ میں داخل ہوا تھا۔
افغان شہری کی فائرنگ سے ایک نیشنل گارڈز ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔