اسلام آباد۔ روسی حکومت نے پاکستانی طلبا کیلئے اسکالرشپ پروگرام کے آغاز کا اعلان کر دیا۔ اس اسکالرشپ پروگرام کے آغاز کے اعلان کے بعد اب پاکستانی طلبا روس کی معروف یونیورسٹیوں میں بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی ڈگریوں کے حصول کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ اسلام آباد میں موجود روی سفارت خانے کے ترجمان ایگور کولیسٹیکوف نے میڈیا کو بتایا کہ رشین سینٹر فار سائنس اینڈ کلچر پاکستان میں موجود واحد ادارہ ہے جو اسکالرشپ پروگرام کے تحت پاکستانی طلبا کو نا مزد کرنے کا مجاز ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسکالرشپ ڈگری کی پوری مدت پر محیط ہے اور اس میں ماہانہ وظیفہ بھی شامل ہے یعنی طلبا کو داخلہ اور ٹیوشن فیس نہیں دینی پڑے گی لیکن سفر اور روز مرہ کے اخراجات خود برداشت کرنا ہوں گے۔ اس اسکالرشپ پروگرام کیلئے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 جنوری 2026 ہے۔ درخواستیں روسی فیڈریشن کے سرکاری تعلیمی پورٹل کے ذریعے آن لائن قبول کی جارہی ہیں جہاں ممکنہ امید واروں کو اپنے پسندیدہ شعبے اور ڈگری کا انتخاب کر کے متعلقہ تعلیمی دستاویزات جمع کروانے ہیں۔ جن طلبا کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا ان کو بعد میں میڈیکل اور فٹنس ٹریفکلیٹ اور ان سرٹیفیکیٹس کا مصدقہ روسی ترجمہ بھی فراہم کرنا ہوگا۔ انتخاب کا عمل تعلیمی قابلیت اور اور معاون محکموں کی جانچ پر مبنی ہوگا۔