باجوڑ۔اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر خار، ڈاکٹر صادق علی خان نے ایک اہم پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر باجوڑ جناب شاہد علی خان کی ہدایات کی روشنی میں ضلع باجوڑ میں کسی بھی علاقے کی معدنیات پر قوم کی مرضی اور قومی اتفاق رائے کے بغیر کوئی لیز جاری نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات اور وقت کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری ہے کہ کوئی بھی فردِ واحد یا ٹھیکیدار کسی بھی علاقے کے معدنی وسائل پر لیز حاصل کرنے کی کوشش نہ کرے۔ ایسے اقدامات قوموں کے باہمی اتحاد و اتفاق کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، جس سے اجتناب کرنا ناگزیر ہے۔
ڈاکٹر صادق علی خان نے مزید کہا کہ اجلاس عام کا مقصد یہی ہے کہ اس کو کھلے عام منعقد کئے جائیں تاکہ ہر کسی کو اپنے خیالات اور اعتراضات کا کھل کر موقع ملے ۔بعض عناصر بند کمروں میں خفیہ طور پر فیصلے کرنے یا اجلاس عام کے نام پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو نہ صرف وقت کا ضیاع ہے بلکہ ضلعی انتظامیہ ایسے کسی بھی غیر شفاف عمل کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ ان تمام کوششوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی جو صاف، شفاف اور علاقائی سطح پر قوموں کی باہمی رضا مندی سے کی جائیں۔ ایسی کسی بھی قانونی اور اجتماعی کوشش میں ضلعی انتظامیہ مکمل تعاون فراہم کرے گی۔