پاکستان نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کرتے ہوئے، پہلے سے جاری تمام گیٹ پاسز کو منسوخ کر دیا ہے۔ یہ اہم فیصلہ حالیہ پاک افغان سرحدی کشیدگی اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، افغان حکومت نے جنگ بندی کے دوران پاکستان سے تجارت کی بحالی، خصوصاً طورخم بارڈر کھولنے کی درخواست کی تھی، تاہم پاکستان نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے واضح کیا کہ سرحدی مسائل کے مکمل اور مستقل حل تک تجارت کی بحالی ممکن نہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے حالیہ مؤثر جوابی فضائی کارروائیوں کے بعد طالبان حکومت نے جنگ بندی کی درخواست کی تھی، جس پر اس وقت عارضی جنگ بندی نافذ ہے۔
واضح رہے کہ پاک افغان سرحد پر حالیہ دنوں میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان نے اپنی سرحدی سیکیورٹی پالیسی پر نظرثانی کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔