اوسلو ۔ امن کا نوبیل انعام ماریہ کورینہ کے نام رہا اور امریکی صدر ٹرمپ انعام لینے سے محروم رہ گئے ۔ انعام کے اعلان کی تقریب اوسلو میں ہوئی ، ماریہ کورینہ نے وینزویلا میں جمہوریت کی جدود جہد کرنے پر نوبیل انعام حاصل کیا، تاہم انعام 10 دسمبر کو دیا جائے گا۔ نوبیل امن کمیٹی کی جانب سے نوبیل انعام کیلئے 338 نامزدگیوں پر غور کیا گیا، نامزدگیوں میں صدر ٹرمپ بھی شامل تھے تا ہم وہ محروم رہے، ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر باراک اوباما پر تنقید کرتے ہوئے دعوی کیا کہ انہیں کچھ نہ کرنے کے باوجود نوبل امن انعام ملا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صحافیوں سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اوباما امریکہ کے اچھے صدر نہیں رہے۔ انہوں نے 8 جنگیں ختم کروانے کا حوالہ دیتے ہوئے اصرار کیا کہ وہ انعامات کے حصول کیلئے نہیں بلکہ اپنے مقاصد کیلئے کام کر رہے ہیں۔ امریکی صدر نے اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا کہ باراک اوباما کو ان کی صدارت کے صرف چند ماہ بعد ہی نوبل امن انعام دیا گیا تھا، انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا تھا۔ اوباما کو انعام ملا جبکہ وہ خود نہیں جانتے کہ انہیں یہ کیوں دیا گیا لیکن وہ منتخب ہوئے۔ اوباما کو بالکل کچھ نہ کرنے کے باوجود مگر ملک کو تباہ کرنے کیلئے یہ انعام دیا گیا۔