واشنگٹن ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو کی قطر سے معافی مانگنے کے بعد اعلان کیا ہے کہ آئندہ قطر پر ہونے والا کوئی بھی حملہ امریکہ پر تصور ہوگا۔ ٹرمپ نے نئے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دئیے۔ اس میں کہا گیا کہ اگر قطر دوبارہ کسی بیرونی حملے کا نشانہ بنا تو امریکا نہ صرف اس کا دفاع کرے گا بلکہ جوابی فوجی کارروائی بھی کرے گا۔ ایگز یکٹو آرڈر میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور قطر قریبی تعاون مشترکہ مفادات اور مسلح افواج کے درمیان مضبوط تعلقات سے جڑے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ قطر ایک پر عزم اتحادی ہے جو امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے امریکا کے ساتھ کھڑا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ بیرونی خطرات کے پیش نظر امریکا قطر کی خود مختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اب قطر پر ہونے والا کوئی بھی حملہ امریکا پر حملہ تصور ہوگا۔