قبائلی ضلع مہمند کے طلباء وطالبات کیلئے ڈیجیٹل کورسز شروع کرنے کا فیصلہ ، علاقے کے بےروزگار تعلیم یافتہ نوجوان اور سکولوں وکالجز کے طلباء وطالبات پروگرام سے استفادہ حاصل کریں ۔ان خیالات کا اظہار الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر اسرار علی، جماعت اسلامی امیر محمد سعید خان ، جنرل سیکرٹری اسداللہ خان ، ملک خاندان ،مصمرشاہ، عبد القدیر خان اور دیگر نے جمعرات کے روز مہمند پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن کے وژن کے مطابق پیش کیاجارہا ہے جس کا بنیادی مقصد بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ہنر سکھانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ تاکہ تعلیم سے فراغت کے بعد نوجوان دور حاضر کے ڈیجیٹل کورسز اور اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال سے باخبر ہو اور اس سے استفادہ حاصل کرسکیں ۔کیونکہ آنے والا دور اے آئی کا ہے اور پوری دنیا میں اس نئے ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی طرف سے دیگر صوبوں کے بعد خیبرپختونخوا میں بھی بنو قابل 2.0 کے ڈیجیٹل کورسز سیکھانے کا آغاز کیا جارہا ہے جوکہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے ہنر سیکھنے کا ایک سنہری موقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے دیگر حصوں کی طرح اب قبائلی ضلع مہمند میں بھی طلباء کی خواہش پر اس پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے جس کے کورسز ، داخلہ سب کچھ مفت ہوگا لہٰذا علاقے کے بےروزگار تعلیم یافتہ نوجوان اور سکولوں وکالجز کے طلباء وطالبات بڑھ چڑھ کر پروگرام میں آن لائن مفت داخلہ کروائیں۔ تاکہ ہر کورس کے لئے مطلوبہ تعداد 50 پوری ہو۔ بنو قابل پروگرام میں سو فیصد آئی ٹی کورسز شامل ہیں جو کہ تعلیم یافتہ جوانوں کےلئے نہ صرف ملک کے اندر بلکہ بیرون ممالک میں بھی بہتر روزگار فراہم ہونے کی ضمانت ہوگی۔ لہذا علاقے کے طلباء وطالبات پروگرام میں اپنے داخلے کروا کر اس نادر موقع سے فائدہ اٹھائیں ۔