حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے دفتر میں مسلح افراد کے داخلے کے بعد سخت اقدامات کا نفاذ Home / پاکستان /

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے دفتر میں مسلح افراد کے داخلے کے بعد سخت اقدامات کا نفاذ

ایڈیٹر - 22/09/2025
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے دفتر میں مسلح افراد کے داخلے کے بعد سخت اقدامات کا نفاذ

سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا محمد خالد نے ایک دفتر ی حکم نامے کے ذریعے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم، اس کے ذیلی دفاتر، خود مختار اداروں اور تمام سرکاری و نجی سکولوں کے احاطے کو مسلح افراد خواہ وہ عوامی نمائندوں کے ہمراہ ہوں یا ذاتی حیثیت میں کے لئے ”آؤٹ آف بانڈ“ قرار دے دیا ہے۔دفتر ی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ 12 ستمبر کے اس واقعے کے تناظر میں کیا گیا ہے جب ایک عوامی نمائندہ مسلح ساتھیوں کے ہمراہ سول سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ تعلیم کے دفتر میں زبردستی داخل ہوا جس سے سرکاری امور میں خلل واقع ہوا۔حکم نامے کے مطابق حفاظتی اقدام کے طور پر محکمہ کے تمام افسران کو 15 ستمبر 2025 سے تاحکمِ ثانی گھروں سے کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ مزید برآں محکمہ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سول سیکرٹریٹ میں اسلحے کی نمائش اور اسلحے کے ساتھ داخلے پر مکمل پابندی کے لیے سخت ایس او پیز نافذ کرے۔ حکم نامے میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ سرکاری دفاتر کے تقدس اور سرکاری ملازمین کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔