حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
میانمار میں فوج کا سکولوں پر فضائی حملہ 19 طلبہ ہلاک۔ Home / بین الاقوامی /

میانمار میں فوج کا سکولوں پر فضائی حملہ 19 طلبہ ہلاک۔

ایڈیٹر - 14/09/2025
میانمار میں فوج کا سکولوں پر فضائی حملہ 19 طلبہ ہلاک۔

میانمار کی مغربی ریاست راکھین میں فوج کے فضائی حملے میں کم از کم 19 طلبہ جاں بحق اور 22 زخمی ہو گئے ۔ مقامی ذرائع اور اراکان آرمی (اے اے) کے مطابق یہ حملہ کیا ٹاؤن شپ کے دونجھی ہائی سکولوں پر کیا گیا، جاں بحق اور زخمی ہونے والے طلبہ کی عمریں 15 سے 21 برس کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ ارکان آرمی کے ترجمان نے بتایا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر 17 سے 18 برس کے نوجوان طلبہ شامل ہیں، زخمیوں میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے، مرنے والوں میں کئی وہ طلبہ بھی تھے جو بورڈنگ ہاؤسز میں مقیم تھے۔ مقامی میڈیا کے مطابق فوجی طیارے نے دو 500 پاؤنڈ وزنی بم گرائے جن سے سکولوں کی عمارتیں اور قریبی مکانات تباہ ہو گئے۔ انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل ہونے کے باعث آزاد ذرائع سے صورتحال کی تصدیق فوری طور پر ممکن نہیں ہو سکی۔ رپورٹ کے مطابق اراکان آرمی نے نومبر 2024 سے فوج کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے راکھین کے بیشتر علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ خیال رہے کہ میانمار میں فروری 2021 میں فوجی اقتدار پر قبضے کے بعد سے اب تک 7200 سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں جبکہ حالیہ مہینوں میں فضائی حملوں میں شدت آئی ہے۔ راکھین وہی خطہ ہے جہاں 2017 کی فوجی کارروائی کے نتیجے میں تقریبا 7 لاکھ 40 ہزار روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش ہجرت پر مجبور ہو گئے تھے۔