حکومت نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے اگست کے بجلی بل معاف کر دیئے
جن صارفین سے اگست کا بل وصول کیا جا چکا انہیں آئندہ ماہ ایڈجسٹ کر دیا جائے گا، شہباز شریف اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں جاری سیلابی صورتحال کے پیش نظر عوامی ریلیف کیلئے بڑا فیصلہ کر لیا حکومت نے سیلاب متاثرین کے ماہ اگست کے بجلی بل معاف کر دیئے ہیں وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے بجلی بلوں سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی کہ سیلاب زدہ علاقوں کے صارفین سے اگست 2025 ء کے بجلی کے بل فوری طور پر وصول نہ کیے جائیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد متاثرہ علاقوں کے لیے بجلی کے بلوں میں ریلیف پیکیج کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جن صارفین سے اگست کا بل وصول کیا جاچکا ہے، انہیں آئندہ ماہ ایڈ جسٹ کر دیا جائے گا۔