خیبرپختونخوا حکومت کے ''عوامی ایجنڈا''کے تحت اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (ہیڈ کوارٹر) خار ڈاکٹر صادق علی کی زیر صدارت آئمہ کرام اور علماء کے ساتھ کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن، آئمہ کرام و علماء کے مسائل، اعزازیہ کی ادائیگی، سب ڈویژنل کمیٹی کی تصدیق اور جسمانی تصدیق جیسے اہم معاملات زیر بحث آئے۔ معاشرے کے موجودہ مسائل پر جمعہ کے خطبات اور قیامِ امن میں آئمہ و علماء کے مؤثر کردار پر بھی بات چیت کی گئی۔ آئمہ کرام نے اعزازیہ کی ادائیگی کو ڈیجیٹل نظام کے تحت شفاف انداز میں براہِ راست ان کے اکاؤنٹس میں منتقل کرنے پر ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ مختلف علاقوں سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی گئی جن کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو فوری ہدایات جاری کی گئیں۔