ہنگو(فرمان اللہ اورکزئی سے)ہنگو تحصیل ٹل پولیس کی بروقت کارروائی، قتل کے ملزمان ایک گھنٹے میں آلہ قتل سمیت گرفتار
تفصیلات کے مطابق پی ایس آئی رحیم الدین خان معمول کی گشت پر چونگی ٹل میں موجود تھا کہ انہیں اطلاع موصول ہوئی کہ ایک زخمی شخص کو سول ہسپتال ٹل منتقل کیا گیا ہے۔
اطلاع کے فوری بعد رحیم الدین خان نے نفری پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر ابتدائی کارروائی کا آغاز کیا۔زخمی کی شناخت امجد خان سکنہ بازار احمد خان بنوں، حال مقیم ٹل، کے طور پر ہوئی۔ زخمی نے ہوش و حواس میں بیان دیا کہ وہ نمازِ عصر کے بعد اپنی دکان بند کر کے رہائشی کوارٹر واقع شینہ جان مارکیٹ جا رہا تھا۔ جیسے ہی وہ کوارٹر کی سیڑھیاں چڑھنے لگا، اچانک عادل خان ولد شاقیاز خان سکنہ کوٹکا بنوں، اور عمر اللہ جان ولد اجمل خان سکنہ میراخیل، ٹوٹھ گڑی بنوں، نے پستول سے فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں امجد خان شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کے بیان کے مطابق حملے کی وجہ شرم و حیا سے متعلق پرانا تنازعہ تھی۔ بعد میں مجروح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او ٹل، انسپکٹر فضل خان نے فوری پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی، جس کے نتیجے میں محض ایک گھنٹہ کے اندر دونوں ملزمان کو آلہ قتل (پستول)سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ڈی پی او ہنگو محمد خالد خان PSP نے ایس ایچ او ٹل اور ان کی ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہا، اور عوام نے پولیس کی اس تیز رفتاری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے