حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر ترکلانی اور اتمانخیل قبائل کے گرینڈ جرگہ کا انعقاد Home / پاکستان /

باجوڑ میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر ترکلانی اور اتمانخیل قبائل کے گرینڈ جرگہ کا انعقاد

ایڈیٹر - 16/07/2025
باجوڑ میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر ترکلانی اور اتمانخیل قبائل کے گرینڈ جرگہ کا انعقاد

باجوڑ میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر ترکلانی اور اتمانخیل قبائل کے گرینڈ جرگہ کا انعقاد۔ 

ضلع باجوڑ میں امن وامان کی موجودہ صورتحال پر سول کالونی خار جرگہ ہال میں ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر باجوڑشاہد علی، کمانڈنٹ باجوڑ سکاوٹس، ضلع باجوڑ کی معزز عمائدین، سیاسی قیادت اور علمائے کرام نے شرکت کی۔

 جرگہ میں موجودہ امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی بحث ہوئی۔ جرگہ کو بتایا گیا کہ ریاست مخالف عناصر اور شدت پسند گروہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اہلکاران کیساتھ ساتھ، علاقائی مشران اور سیاسی عمائدین کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں جن کا مقصد علاقے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا، دہشت پھیلانا اور ریاست و قوم کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے۔

 شرکاء جرگہ نے سال 2008 اور بعد میں امن کے لئے باجوڑ کے عوام، مشران اور دیگر نمائندوں کی گراں قدر قربانیوں کا ذکر کیا  اور کہا کہ وقت کا تقاضا یہ ہے کہ عوام اور حکومتی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان روابط کو مستحکم کیا جائے۔

ضلعی انتظامیہ باجوڑ، پولیس اور پاکستان کے مسلح افواج اپنے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور دہشت گردی کے خلاف سخت پالیسی اختیار کی جائی گی جس کی رو سے ضلع باجوڑ کے تمام حصوں میں شدت پسندوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائی کی جائے گی۔ اس پالیسی کا بنیادی مقصد ضلع باجوڑ میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور پائیدار امن کی بحالی ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور مسلح افواج مقامی آبادی کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور شہریوں کو لاحق خطرات کے حوالے سے انتہائی حساس رویہ رکھتی ہیں۔ اسی لیے ان کارروائیوں کو مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر نہایت احتیاط اور درستگی سے انجام دیا جائے گا تاکہ بے گناہ شہریوں کو نقصان پہنچنے کا کوئی امکان نہ رہے۔ یہ بھی واضح کیا گیا کہ ٹارگٹڈ کاروائیوں کے دوران کسی بھی جگہ آبادی کو بے گھر نہیں کیا جائیگا۔ مذید یہ کہ حکومتی مشینری اور تمام اقوام کے مابین تعاون ان شرپسندوں کو شکست دینے کے لئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔