حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
5 ہزار سے زیادہ ڈالر بیرون ملک لے جانے والے مسافروں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ Home / پاکستان /

5 ہزار سے زیادہ ڈالر بیرون ملک لے جانے والے مسافروں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

بڑے بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا جائے، کسی کا دبائو قبول نہ کیا جائے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی

ایڈیٹر - 08/07/2025
 5 ہزار سے زیادہ ڈالر بیرون ملک لے جانے والے مسافروں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کے دورے کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متعدد اہم اور فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔ اجلاس میں حوالہ ہنڈی، بھکاری مافیا، جعلی ادویات، نان کسٹم اشیاء اور بیرون ملک پانچ ہزار ڈالر سے زائد لے جانے والے مسافروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

محسن نقوی نے ہدایت دی کہ حوالہ ہنڈی مافیا کے خلاف موثر اور نتیجہ خیز کریک ڈاؤن کیا جائے اور اس نیٹ ورک میں ملوث بڑے مگرمچھوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی یا بااثر شخصیت کے دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے، مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

وزیر داخلہ نے پاکستان کا امیج خراب کرنے والے بیرون ملک بھکاری بھجوانے والے ایجنٹوں کے خلاف بھی سخت ایکشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر نشان عبرت بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مفرور ایجنٹس کو دیگر صوبوں کے تعاون سے گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف واضح اور مؤثر کارروائی نظر آنی چاہیے۔

نان کسٹم اشیاء کی اسمگلنگ پر بھی وزیر داخلہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کو بھرپور کارروائی کی ہدایت دی اور کہا کہ ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کو کسی رعایت کے بغیر پکڑا جائے۔

اجلاس میں محسن نقوی نے 5 ہزار ڈالر سے زائد رقم بیرون ملک لے جانے والے مسافروں کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا اور ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ ایسے تمام کیسز میں قانون کے مطابق فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔