باجوڑ (حسبان میڈیا ڈیسک): ڈپٹی کمشنر باجوڑ عدنان فرید آفریدی کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے عوامی سہولت اور بازاروں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر خار عامر اللہ خان نے تحصیلدار خار محمد فیاض خان اور سرکل ڈی ایس پی سعید الرحمٰن کے ہمراہ خار بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران انتظامی افسران نے خار بازار میں قائم عارضی تجاوزات، مختلف پیٹرول پمپس اور ٹیکسی اسٹینڈ کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عامر اللہ خان نے دکانداروں کو سختی سے تنبیہ کی کہ وہ فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم عارضی تجاوزات فوری طور پر ختم کریں تاکہ پیدل چلنے والے شہریوں اور ٹریفک کی روانی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
انتظامی ٹیم نے بازار اور گردونواح میں واقع پیٹرول پمپس کا بھی جائزہ لیا اور پمپ مالکان کو ہدایت کی کہ وہ پیمائشی آلات (فیول ڈسپنسر میٹرز) کی درستگی کو ہر صورت یقینی بنائیں اور شہریوں کو مقررہ سرکاری معیار کے مطابق ایندھن کی فراہمی جاری رکھیں۔
مزید برآں، افسران نے ٹیکسی اسٹینڈ کا معائنہ کرتے ہوئے گاڑیوں کی منظم پارکنگ اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ کرایہ نامے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹرز حضرات کو سرکاری احکامات اور مقررہ کرایوں کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ عوامی استحصال یا قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔