حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
"حق کو حق کہا جائے گا اور غلط کا ساتھ نہیں دیا جائے گا" — خواجہ سعد رفیق کا ’کاروانِ بیداری‘ کے نام سے تحریک شروع کرنے کا اعلان Home / سیاست /

"حق کو حق کہا جائے گا اور غلط کا ساتھ نہیں دیا جائے گا" — خواجہ سعد رفیق کا ’کاروانِ بیداری‘ کے نام سے تحریک شروع کرنے کا اعلان

ایڈیٹر - 29/11/2026

لاہور (حسبان میڈیا ڈیسک): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے نئے سال کی ابتدا میں ملک بھر میں ’کاروانِ بیداری‘ کے نام سے ایک باقاعدہ تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اپنے ایک اہم بیان میں تحریک کا اعلان کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے واضح کیا کہ یہ محض ایک عوامی و فکری تحریک ہے اور اس کے ذریعے کوئی نئی سیاسی جماعت تشکیل نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے بتایا کہ اس اقدام کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کو پہلے ہی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ چونکہ یہ کوئی سیاسی جماعت نہیں ہے، اس لیے اس تحریک کو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں رجسٹرڈ نہیں کروایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’کاروانِ بیداری‘ میں شامل ہونے والے افراد کی سیاسی وابستگیوں پر کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اس کا حصہ بن سکیں گے۔

اپنے لائحہ عمل اور اصولی مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے بلا امتیاز حق کو حق کہا جائے گا اور کسی بھی سطح پر غلط کا ساتھ نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جدوجہد کا مقصد کسی مخصوص شخصیت یا سیاسی دھڑے کی حمایت نہیں، بلکہ محض ملک میں آئین اور قانون کی حقیقی حکمرانی کا قیام ہے۔