باجوڑ: خیبرپختونخوا حکومت کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ عدنان فرید آفریدی کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ باجوڑ کے زیرِ اہتمام قوم اتمان خیل کے عوامی مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اتمان خیل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کے مشران، عمائدین، نوجوانوں اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔کھلی کچہری میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر خارI محمد نثار خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر خارII انجینئر اسداللہ خان، نائب تحصیلدار اتمان خیل انور حسین، ایس ایچ او تھانہ اتمان خیل مصطفیٰ کمال، پولیس اہلکاروں اور مختلف لائن ڈیپارٹمنٹس کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر علاقے کے عوام اور مشران نے اپنے اجتماعی مسائل، مشکلات اور مطالبات انتظامی افسران کے سامنے پیش کیے۔ شرکاء نے مختلف سرکاری محکموں سے متعلق مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے فوری حل اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔انتظامی افسران نے عوام کی شکایات اور تحفظات کو نہایت توجہ سے سنا اور بعض مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی ضروری اقدامات کیے ، جبکہ دیگر مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندوں کو ضروری ہدایات جاری کیں ۔اس موقع پر انتظامی افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل، شکایات کے ازالے اور سرکاری خدمات کی فراہمی میں بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر سرکاری افسران تک براہِ راست رسائی فراہم کرنا، عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کرنا اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات یقینی بنانا ہے۔ انتظامیہ نے عوامی رابطوں کے اس سلسلے کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔