پشاور (حسبان میڈیا ڈیسک): خیبر پختونخوا حکومت نے مالی سال 27-2026 کے ترقیاتی فنڈز کے اجرا کے حوالے سے نظرثانی شدہ پالیسی جاری کر دی ہے، جس کے تحت رواں مالی سال کے ترقیاتی فنڈز تین مرحلوں میں جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صوبائی محکمہ خزانہ کی جانب سے ترقیاتی اخراجات کے اجرا کی نظرثانی شدہ پالیسی کا باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق ترقیاتی فنڈز کا 40 فیصد حصہ مالی سال کے پہلے نصف میں جاری کیا جائے گا، جس کی پہلی قسط 7 جولائی 2026 کو جاری ہوئی، جبکہ ترقیاتی فنڈز کا 30 فیصد حصہ جنوری 2027 میں اور آخری 30 فیصد قسط اپریل 2027 میں جاری کی جائے گی۔
محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ تمام ترقیاتی فنڈز کا اجرا فنڈز کی دستیابی سے مشروط ہوگا۔ پالیسی کے مطابق جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص فنڈز سیکٹرز میں ان کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) حصے کے تناسب سے جاری ہوں گے، جبکہ نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز انتظامی منظوری کے بعد اے ڈی پی میں مختص حصے کے تناسب سے فراہم کیے جائیں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ 7 جنوری 2027 کے بعد انتظامی منظوری حاصل کرنے والے نئے منصوبوں کو مختص فنڈز کا صرف 50 فیصد ایک ہی قسط میں جاری کیا جائے گا۔
مقامی حکومتوں کے فنڈز کے حوالے سے پالیسی میں طے کیا گیا ہے کہ لوکل گورنمنٹس کا ترقیاتی حصہ ہر تین ماہ بعد متعلقہ مقامی حکومتوں کو منتقل کیا جائے گا۔ تاہم، مقامی حکومتوں کو ترقیاتی فنڈز کی اگلی سہ ماہی قسط کے اجرا کے لیے گزشتہ سہ ماہی کے فنڈز کا کم از کم 80 فیصد استعمال کرنا لازمی ہوگا۔ تمام تحصیل لوکل گورنمنٹس، ویلج کونسلز اور نیبرہڈ کونسلز پر 80 فیصد فنڈز استعمال کرنے کی شرط عائد کی گئی ہے، اور اس ہدف کے حصول کے بغیر بقایا ترقیاتی فنڈز جاری نہیں کیے جائیں گے۔
محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے تمام انتظامی محکموں، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو نظرثانی شدہ ترقیاتی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔