باجوڑ (حسبان میڈیا ڈیسک): ضلع باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند کے علاقے بکورو کے مکینوں نے حکومتی عدم توجہی اور منظور شدہ ترقیاتی منصوبے پر کام ادھورا چھوڑے جانے کے باعث اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کی تعمیر کا آغاز کر دیا ہے۔
مقامی ذرائع اور اہلِ علاقہ کے مطابق بکورو کا مذکورہ روڈ پی سی سی (PCC) منصوبے کے تحت باقاعدہ منظور ہوا تھا اور ابتدائی مرحلے میں اس پر تقریباً آدھا کلومیٹر تعمیراتی کام بھی مکمل کر لیا گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں نامعلوم وجوہات کی بنا پر منصوبے پر کام اچانک روک دیا گیا، جس کے نتیجے میں سڑک ادھوری رہ گئی۔ مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس ترقیاتی منصوبے کو کس وجہ سے اور کن احکامات کے تحت بند کیا گیا۔
اہلِ علاقہ نے شکوہ کیا ہے کہ گزشتہ تقریباً 13 سالہ دورِ حکومت میں پاکستان تحریکِ انصاف کو ضلع باجوڑ سے بھرپور عوامی حمایت حاصل رہی اور قومی و صوبائی اسمبلی کی نمائندگی بھی اسی جماعت کے پاس رہی، تاہم اس طویل عرصے کے باوجود بکورو روڈ کی تعمیر جیسا بنیادی عوامی مسئلہ حل نہ ہو سکا۔
سڑک کی خستہ حالی اور ادھورے تعمیراتی کام کے سبب مقامی شہریوں، مریضوں اور طلبہ کو روزمرہ آمدورفت میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ طویل انتظار کے بعد بالآخر مقامی آبادی نے حکومتی امداد کا انتظار ترک کرتے ہوئے اپنے وسائل اور محنت سے سڑک کی مرمت و تعمیر کا بیڑا اٹھا لیا ہے۔
بکورو کے مکینوں نے ضلعی انتظامیہ، منتخب عوامی نمائندوں اور متعلقہ تعمیراتی محکمہ جات سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ منظور شدہ پی سی سی روڈ کے باقی ماندہ حصے پر فوری طور پر کام بحال کر کے اسے مکمل کیا جائے، منصوبے کی بندش کے اسباب منظرِ عام پر لائے جائیں اور علاقے کو بنیادی سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔