فوجی آپریشن کوئی آپشن نہیں ہے، خیبر پختونخوا کے حالات کا درد محسوس کرتے ہیں، امن جرگہ سے خطاب
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ باجوڑ میں امن کے لئے حکومت آل پارٹیز کانفرنس بلائے اور متفقہ لائحہ عمل لایا جائے اگر حکومت اے پی سی نہیں بلائے گی تو جماعت اسلامی بلائے گی۔ فوجی آپریشن کوئی آپشن نہیں ہے اس کی وجہ سے عوام اور فوج میں دوریاں پیدا ہوتی ہیں ۔ دہشت گردوں کے خلاف صرف انٹلیجنس بیسڈ آپریشن کی بات ہوئی تھی خیبر پختو نخوا میں جو حالات ہیں اس درد کو ہم محسوس کرتے ہیں ، ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں مالا کنڈ ڈویژن ، قبائلی اضلاع اور جنوبی اضلاع میں بدامنی کے خلاف قبائل امن جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے ایک امید ہے جب پاکستان ایٹمی ملک بنا تو پوری مسلم دینا نے جشن منایا۔ بد قسمتی سے جو حکمران ہم پر مسلط ہیں ان کی وجہ سے عوام کی امیدیں کم ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ خیبر پختو نخوا کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا آماجگاہ بنا ہوا ہے۔ روس کے خلاف پاکستان نے جنگ لڑی اور سب نے ساتھ دیا۔ قبائلی علاقہ پر امن تھا قائد اعظم نے کہا تھا کہ یہاں ہمیں فوج رکھنے کی ضرورت نہیں ہے کشمیر بھی قبائل نے آزاد کرایا ہے۔