باجوڑ: لیبیا کشتی حادثے میں 35 نوجوانوں کے ڈوبنے کا خدشہ، لوئی ماموند کے 5 جاں بحق نوجوانوں کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا
باجوڑ (حسبان میڈیا ڈیسک): بہتر روزگار اور روشن مستقبل کی تلاش میں غیر قانونی راستوں سے یورپ جانے والے ضلع باجوڑ کے کم از کم 35 نوجوانوں کے لیبیا کے قریب سمندر میں کشتی حادثے کے دوران ڈوبنے کے خدشے کے بعد ضلع بھر میں شدید غم و سوگ کی فضا برقرار ہے، جبکہ تحصیل لوئی ماموند کے علاقے غاخی سے تعلق رکھنے والے 5 جاں بحق نوجوانوں کی غائبانہ نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں میں ادا کر دی گئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق کشتی میں سوار لاپتا ہونے والے تمام نوجوانوں کا تعلق ضلع باجوڑ کے مختلف علاقوں سے ہے، جو بہتر معاشی مواقع کے حصول کے لیے انسانی اسمگلروں کے ذریعے غیر قانونی سمندری راستے سے یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم لیبیا کے ساحل کے قریب سمندری سفر کے دوران کشتی حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 35 نوجوان گہرے پانیوں میں ڈوب کر لاپتا ہوگئے۔
اس دلخراش سانحے کے بعد تحصیل لوئی ماموند کے علاقے غاخی سے تعلق رکھنے والے 5 نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات پر ان کے آبائی گاؤں میں غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس میں اہلِ علاقہ، عمائدین اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کیے جانے والے مرحومین میں محمد خان ولد درویش خان، سلمان خان ولد زمان خان، گل رازق ولد منان خان، جنید خان ولد جان ولی خان اور لطیف خان ولد یوسف خان شامل ہیں۔
غائبانہ نمازِ جنازہ کے موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور ہر آنکھ اشکبار رہی۔ اس موقع پر مرحومین کے ایصالِ ثواب، بلندیِ درجات اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔ دوسری جانب حادثے میں لاپتا ہونے والے دیگر نوجوانوں کے گھروں میں بھی شدید پریشانی، صدمے اور بے یقینی کی کیفیت طاری ہے اور والدین اپنے پیاروں کی خیریت سے متعلق کسی مصدقہ اطلاع کے منتظر ہیں۔
عوامی و سماجی حلقوں نے اس اندوہناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزگار کی تلاش میں غیر قانونی ہجرت نوجوانوں کی قیمتی جانیں نگل رہی ہے، لہٰذا انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر کارروائی اور نوجوانوں کو مقامی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔