پشاور: تھانہ خزانہ کی حدود میں بی آر ٹی ملازم سے الیکٹرک سکوٹی اور موبائل فون چھین لیا گیا، ملزمان فرار
پشاور کے علاقے تھانہ خزانہ کی حدود لنڈے سڑک پر نامعلوم مسلح افراد بی آر ٹی ملازم سے الیکٹرک سکوٹی اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سلمان ولد صدیق اللہ لنڈے سڑک کے علاقے میں موجود تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد ان سے الیکٹرک سکوٹی اور موبائل فون چھین کر موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد متاثرہ شخص نے تھانہ خزانہ میں باقاعدہ درخواست جمع کروا دی ہے، تاہم تاحال واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کی جا سکی۔
متاثرہ شخص کے مطابق واردات کے باعث انہیں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے سی سی پی او پشاور اور ایس ایس پی آپریشنز پشاور سے واقعے کا فوری نوٹس لینے، نامعلوم ملزمان کی تلاش اور چھینی گئی الیکٹرک سکوٹی اور موبائل فون کی برآمدگی کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
متاثرہ شہری نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا جائے اور ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔