پشاور (حسبان میڈیا ڈیسک): چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں ایڈیشن (پی ایس ایل 12) کے میچز پشاور میں بھی منعقد کیے جائیں گے، جبکہ ایونٹ کا افتتاحی میچ بھی پشاور ہی میں کھیلا جائے گا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پشاور میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پشاور کے کرکٹ شائقین نے اس تاریخی لمحے کا طویل عرصے سے انتظار کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ایس ایل کو پشاور لانے کا بنیادی مقصد اس شہر کی پاکستان کرکٹ کے لیے دی گئی لازوال خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔ محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ پشاور کے عوام اس میگا ایونٹ کا استقبال اسی روایتی جوش و خروش اور گرم جوشی سے کریں گے جس کے لیے وہ دنیا بھر میں مشہور ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرائی سیریز اور پی ایس ایل کے میچز کے کامیاب انعقاد کے بعد پشاور میں بین الاقوامی (انٹرنیشنل) کرکٹ میچز بھی کرائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس بھی پشاور میں میچز کرانے کی بھرپور کوشش کی گئی تھی تاہم ناگزیر وجوہات کی بنا پر یہ ممکن نہیں ہو سکا تھا۔ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے ٹیلنٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے زیادہ تر کھلاڑیوں کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے اور ٹیم کا ہر تیسرا کھلاڑی اسی صوبے کی نمائندگی کرتا ہے، اس لیے صوبے میں کھیلوں کے مزید مواقع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے پشاور کے تاریخی ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام تبدیل کیا تھا، تاہم ہم اسٹیڈیم کا اصل نام "ارباب نیاز" دوبارہ بحال کریں گے۔ گورنر کے پی کا مزید کہنا تھا کہ سابق حکومت تیرہ سالہ دورِ اقتدار میں صوبے کے نوجوانوں کے لیے ایک معیاری کرکٹ گراؤنڈ تک تعمیر نہیں کر سکی۔