باجوڑ میں ویلیج سیکرٹریز کی مبینہ غیر حاضری، عوامی مطالبات نے زور پکڑ گیا، فیشل حاضری اور سخت نگرانی کا مطالبہ
خار باجوڑ:
باجوڑ کی بعض ویلیج کونسلز میں ویلیج سیکرٹریز کی مبینہ غیر حاضری، فرائض سے غفلت اور اضافی فیس وصولی کی شکایات پر عوامی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ شہریوں کے مطابق بعض سیکرٹریز سرکاری ڈیوٹی کے بجائے بازاروں اور ملک کے دیگر شہروں میں مبینہ طور پر نجی کاروباروں میں مصروف ہیں، جبکہ سرکاری تنخواہیں وصول کر رہے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث عوام کو پیدائش، وفات، نکاح اور دیگر ضروری سرکاری سرٹیفکیٹس کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ شکایات یہ بھی ہیں کہ بعض اہلکار مقررہ سرکاری فیس کے علاوہ جائز کاموں کے لیے اضافی رقم طلب کرتے ہیں۔تمام ویلیج سیکرٹریز کے لیے فیشل ریکگنیشن کے ذریعے روزانہ تین اوقات میں حاضری لازمی قرار دی جائے۔ انڈیپینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ (IMU) کو ویلیج کونسلز کے اچانک دوروں اور باقاعدہ نگرانی کی ذمہ داری سونپی جائے۔سیکرٹریز کو اپنے مرکزی دفاتر میں موجودگی کے ساتھ متعلقہ یونین کونسلوں کے دورے اور عوامی مسائل کے حل کا پابند بنایا جائے۔ مقررہ سرکاری فیس سے زائد رقم وصول کرنے کی شکایات کی تحقیقات کرکے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔غیر حاضری، نجی کاروبار میں مبینہ مصروفیت اور دفتری غفلت کے معاملات کی شفاف تحقیقات کرکے محکمانہ احتساب یقینی بنایا جائے۔
عوام نےکمشنر ملاکنڈ ڈویژن، ڈپٹی کمشنر باجوڑ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ان شکایات کا فوری نوٹس لے کر عملی اقدامات کئے جائیں، تاکہ سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری یقینی ہو اور عوام کو بنیادی سہولیات اپنی دہلیز پر، مقررہ سرکاری فیس کے مطابق فراہم ہوسکیں۔