پشاور (حَسبان میڈیا نیوز ڈیسک) وفاقی کابینہ کی جانب سے 10 روپے کے کاغذی کرنسی نوٹ کو ختم کر کے اس کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی منظوری پر پشاور کے شہریوں، محنت کشوں اور چھوٹے تاجروں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
تاجر اتحاد کے جنرل سیکرٹری جاوید خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 10 روپے کے کاغذی کرنسی نوٹ کے خاتمے سے کاروباری سرگرمیاں اور روزمرہ کا لین دین بری طرح متاثر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومتی فیصلے نے بالخصوص محنت کش اور غریب طبقے کو فکر مند کر دیا ہے، کیونکہ چھوٹی سطح کے کاروبار میں 10 روپے کے نوٹ کا استعمال سب سے زیادہ ہوتا ہے۔
دوسری جانب حکومتی حلقوں کا مؤقف ہے کہ کاغذی کرنسی نوٹ کے مقابلے میں دھاتی سکے کی عمر کہیں زیادہ ہوتی ہے، جس کے باعث بار بار نئے نوٹ چھاپنے کے اخراجات کم ہوں گے اور قومی خزانے کو اربوں روپے کی سالانہ بچت متوقع ہے۔
تاہم، مقامی شہریوں اور چھوٹے دکانداروں کا کہنا ہے کہ اگر روزانہ کی بنیاد پر دو سے تین سو روپے مالیت کے سکے جمع ہونے لگے تو انہیں جیبوں میں رکھنا، گننا اور سنبھالنا انتہائی دشوار ہو جائے گا، جس سے خرید و فروخت کے معمولات میں غیر ضروری رکاوٹیں پیدا ہوں گی۔