خیبرپختونخوا کے قرضوں میں 5 سال کے دوران 133 فیصد اضافہ
لحاظ علی
خیبرپختونخوا کے ذمے واجب الادا بیرونی قرضوں کا حجم گزشتہ 5 سال کے دوران 359 ارب روپے سے بڑھ کر 836 ارب 46 کروڑ روپے سے تجاوز کرگیا، جبکہ صرف ایک سال میں صوبے کے قرضوں میں 60 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی سالانہ ڈیٹ اسٹیٹسٹیکل بلیٹن میں جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 30 جون 2025 تک صوبے کے ذمے مجموعی قرضوں کا حجم 776 ارب 32 کروڑ روپے تھا، جو 30 جون 2026 تک بڑھ کر 836 ارب 46 کروڑ روپے سے تجاوز کرگیا۔ اس طرح ایک سال کے دوران قرضوں میں 60 ارب 14 کروڑ روپے، یعنی 7.75 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 22-2021 میں صوبے کے مجموعی قرضوں کا حجم 359 ارب 33 کروڑ روپے تھا، جو مالی سال 26-2025 کے اختتام تک بڑھ کر 836 ارب 46 کروڑ روپے ہوگیا۔ اس طرح 5 سال کے دوران قرضوں کے بوجھ میں 477 ارب 13 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 26-2025 کے دوران صوبے کو نئے قرضوں اور مالی معاونت کی مد میں 98 ارب 78 کروڑ روپے موصول ہوئے، جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران یہ رقم 126 ارب 8 کروڑ روپے سے زائد تھی۔
دوسری جانب قرضوں کے اصل زر کی ادائیگیوں میں اضافہ ہوا۔ مالی سال 26-2025 کے دوران 33 ارب 39 کروڑ روپے اصل زر کی مد میں ادا کیے گئے، جبکہ گزشتہ مالی سال یہ ادائیگیاں 30 ارب 70 کروڑ روپے تھیں۔
قرضوں پر سود کی ادائیگیوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 25-2024 کے دوران سود کی مد میں 18 ارب 64 کروڑ روپے ادا کیے گئے، جبکہ مالی سال 26-2025 میں یہ رقم کم ہوکر 17 ارب 23 کروڑ روپے رہ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 26-2025 کے دوران خیبرپختونخوا کے غیر ملکی قرضوں کا حجم 2 ارب 98 کروڑ 73 لاکھ امریکی ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نئے قرضوں کے اجرا سے حاصل ہونے والی رقم میں سے اصل زر کی ادائیگیاں منہا کرنے کے بعد خالص وصولیوں کا حجم 65 ارب 39 کروڑ روپے رہا۔