حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ کے تاریخی نشیب و فراز اور سرکاری اداروں میں اصلاحات کی ضرورت: Home / بلاگز /

باجوڑ کے تاریخی نشیب و فراز اور سرکاری اداروں میں اصلاحات کی ضرورت:

ایڈیٹر - 23/11/2026
باجوڑ کے تاریخی نشیب و فراز اور سرکاری اداروں میں اصلاحات کی ضرورت:

باجوڑ کے تاریخی نشیب و فراز اور سرکاری اداروں میں اصلاحات کی ضرورت: 
تحریر صاحبزادہ بہاؤالدین:
فورم : حسبان میڈیا:

  باجوڑ میں پلا بڑھا ہوں اور اس سرزمین کے کئی تاریخی، سیاسی اور سماجی ادوار اپنی آنکھوں سے دیکھے ہیں۔ کالعدم ریاست باجوڑ کا دور، اس کا خاتمہ، قبائلی ایجنسی کا قیام، غیر جماعتی انتخابات، بالغ رائے دہی اور بالآخر قبائلی اضلاع کا انضمام، یہ تمام تبدیلیاں میرے مشاہدے کا حصہ رہی ہیں۔ ریاست کے خاتمے کے بعد نواب آف باجوڑ کے خاندان کے ہاتھوں ایک بڑی ریاستی حیثیت کو آہستہ آہستہ بکھرتے اور وسیع جائیداد کو فروخت ہوتے بھی دیکھا۔ یہ ہماری تاریخ کا ایک اہم اور افسوسناک باب ہے۔ ان تمام تبدیلیوں کے باوجود باجوڑ کے عوام آج بھی ترقی، بہتر انتظامی نظام اور بنیادی سہولتوں کے منتظر ہیں۔

باجوڑ میں قائم سرکاری اداروں نے مختلف ادوار میں عوام کو خدمات فراہم کی ہیں اور ان اداروں میں یقیناً بہت سے دیانت دار افسران اور اہلکار بھی موجود رہے ہیں، جن کی خدمات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم عوامی شکایات اور بدانتظامی کے حوالے سے محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ ان دونوں محکموں میں اقربا پروری، غیر ضروری سیاسی مداخلت، وسائل کے غلط استعمال اور بدعنوانی کے الزامات وقتاً فوقتاً سامنے آتے رہے ہیں۔ صحت اور تعلیم ایسے شعبے ہیں جن کی کمزوری کا براہ راست نقصان عام آدمی، غریب خاندانوں اور نئی نسل کو اٹھانا پڑتا ہے۔ اس لیے ان اداروں کی بہتری محض سرکاری ذمہ داری نہیں بلکہ عوامی ضرورت بھی ہے۔

حکومت اگر واقعی باجوڑ کی ترقی اور خوشحالی چاہتی ہے تو محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم میں اصلاحات اور شفاف احتساب کو ترجیح دے۔ مختلف ادوار کے سربراہان اور متعلقہ اہلکاروں کی کارکردگی، بھرتیوں، ترقیاتی فنڈز اور اثاثوں کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں۔ جہاں بدعنوانی ثابت ہو وہاں بلاامتیاز قانونی کارروائی اور ناجائز اثاثوں کی ضبطی عمل میں لائی جائے، جبکہ دیانت داری سے خدمات انجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے۔ احتساب کا مقصد کسی کو بدنام کرنا یا سیاسی انتقام لینا نہیں بلکہ اداروں کو بہتر بنانا اور عوام کا اعتماد بحال کرنا ہونا چاہیے۔ باجوڑ کی حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب اسپتالوں میں بہتر علاج، اسکولوں میں معیاری تعلیم اور سرکاری اداروں میں میرٹ اور دیانت داری کو یقینی بنایا جائے۔