حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
فاٹا مرجر کے خلاف سازشوں کو مسترد کرتے ہیں، نثار باز خان کا کمیٹی اجلاس سے بائیکاٹ Home / سیاست /

فاٹا مرجر کے خلاف سازشوں کو مسترد کرتے ہیں، نثار باز خان کا کمیٹی اجلاس سے بائیکاٹ

ایڈیٹر - 07/07/2025
فاٹا مرجر کے خلاف سازشوں کو مسترد کرتے ہیں، نثار باز خان کا کمیٹی اجلاس سے بائیکاٹ

پشاور: تفصیلات کے مطابق اے این پی کے رکن صوبائی اسمبلی نثار باز خان نے سابقہ قبائلی اضلاع کے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اسے فاٹا مرجر کے خلاف ایک منظم سازش قرار دیا ہے۔
نثار باز خان کا کہنا ہے کہ مرجر کے وقت قبائلی عوام کے ساتھ جو وعدے کیے گئے تھے، وہ تاحال وفا نہ ہوسکے۔ آج ان وعدوں کی تکمیل کے بجائے، ریاستی ادارے اور وفاقی حکومت — بالخصوص پنجاب کی اشرافیہ — مرجر کو رول بیک کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ "جرگہ" سسٹم کو قانونی حیثیت دینے کی آڑ میں فاٹا کی قیمتی معدنیات پر قبضے کی راہ ہموار کی جارہی ہے، جو کہ 18ویں اور 25ویں آئینی ترامیم کے سراسر منافی ہے۔ نثار باز خان نے کہا کہ یہ عمل نہ صرف پارلیمان کی بالادستی کو چیلنج کرتا ہے بلکہ صوبائی خودمختاری پر بھی حملہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اے این پی نے ماضی میں بھی مائنز اینڈ منرلز بل جیسے عوام دشمن اقدامات کو مسترد کیا تھا، اور آج ایک بار پھر پارٹی اسی مؤقف پر قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فاٹا کے عوام مرجر کے ثمرات سے محروم رہے، اور اب انہیں ایک بار پھر پسماندگی اور استحصال کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔
نثار باز خان نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت واقعی قبائلی عوام کے ساتھ مخلص ہے تو اسے چاہیے کہ 25ویں آئینی ترمیم کے وقت کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنائے، نہ کہ غیر آئینی کمیٹیوں کے ذریعے عوامی حقوق کو روندنے کی کوشش کرے۔
اے این پی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان کی ہدایت پر، نثار باز خان نے اس کمیٹی کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی میٹنگ یا اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ھمارا یہ فیصلہ نہ صرف پارٹی کی پالیسی کا عکاس ہے بلکہ فاٹا کے عوام کے حقوق کے تحفظ کا عزم بھی۔