پشاور (حَسبان میڈیا نیوز ڈیسک) پشاور کے مختلف دینی مدارس کے طلباء اور اساتذہ کرام کے ایک وفد نے تاریخی قلعہ بالا حصار کا دورہ کیا اور انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (آئی جی ایف سی) خیبر پختونخوا نارتھ میجر جنرل راؤ عمران سرتاج سے خصوصی ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال اور قیامِ امن کے لیے مشترکہ کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ دارالعلوم فرقان الکریم حیات آباد اور مرکز العلوم اسلام یونیورسٹی روڈ پشاور کے طلباء اور اساتذہ پر مشتمل وفد جب قلعہ بالا حصار پہنچا تو دورے کے آغاز پر وفد نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی۔ شرکاء نے وطنِ عزیز کے دفاع اور امن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں وفد کو قلعہ بالا حصار کے مختلف تاریخی حصوں کا دورہ کرایا گیا، جہاں انہیں فرنٹیئر کور کی شاندار تاریخ، عسکری روایات اور خطے کی ثقافت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس دورے کے دوران طلباء اور اساتذہ کرام کی آئی جی ایف سی کے پی نارتھ میجر جنرل راؤ عمران سرتاج کے ساتھ ایک خصوصی اور جامع مکالماتی نشست منعقد ہوئی۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے جاری آپریشنز اور معاشرے میں پائیدار امن کے فروغ میں علماء کرام اور نوجوان طلباء کے کلیدی کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
مکالماتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ صوبے خصوصاً باجوڑ، تیراہ اور دیگر حساس علاقوں میں امن و امان کے قیام پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے خوارج اور دہشت گرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔
ملاقات کے اختتام پر دینی مدارس کے اساتذہ اور طلباء نے صوبے میں پائیدار امن و استحکام اور ترقی کے لیے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی قربانیوں کو سراہا۔ وفد نے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہر سطح پر مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور پرخلوص میزبانی پر آئی جی ایف سی کا شکریہ ادا کیا۔