حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بٹگرام اور کوہستان کے درمیان بلیجہ پہاڑی تنازع پر خونریز تصادم؛ فائرنگ سے 7 افراد جاں بحق Home / پاکستان /

بٹگرام اور کوہستان کے درمیان بلیجہ پہاڑی تنازع پر خونریز تصادم؛ فائرنگ سے 7 افراد جاں بحق

ایڈیٹر - 21/11/2026
بٹگرام اور کوہستان کے درمیان بلیجہ پہاڑی تنازع پر خونریز تصادم؛ فائرنگ سے 7 افراد جاں بحق

بٹگرام / آلائی (حسبان میڈیا بیورو) خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام کی تحصیل آلائی اور کوہستان کے درمیان بلیجہ پہاڑی کے دیرینہ زمینی تنازع نے ایک بار پھر خونریز صورتحال اختیار کر لی ہے، جہاں دو قبائل کے مابین مبینہ مسلح تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا ہے۔

مقامی ذرائع اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق تحصیل آلائی کی قوم گیلال اور کوہستان کی قوم کلوچ کے درمیان بلیجہ پہاڑی کی ملکیت کے تنازع پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ابتدائی طور پر چار افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، تاہم بعد ازاں کوہستان کی قوم کلوچ کی جانب سے بھی اپنے افراد کی ہلاکت کا دعویٰ سامنے آیا، جس کے بعد تازہ اطلاعات کے مطابق تصادم میں مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا ہے۔

خونریز تصادم کے بعد وادی آلائی اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ مقامی آبادی میں خوف و ہراس کی فضا برقرار ہے۔ دوسری جانب اقوامِ آلائی نے صوبائی حکومت سے واقعے کا فوری نوٹس لینے اور فائرنگ کے واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

علاقے کے عمائدین اور عوامی حلقوں نے بھی صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ بٹگرام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے فریقین کے درمیان جنگ بندی کو یقینی بنائیں اور بلیجہ پہاڑی کے دیرینہ زمینی تنازع کا مستقل اور پُرامن حل نکالا جائے تاکہ مستقبل میں مزید قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔