حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاکستان میں گزشتہ ایک سال کے دوران 94 لاکھ سائبر حملوں کا انکشاف، کاسپرسکی کی رپورٹ جاری Home / پاکستان /

پاکستان میں گزشتہ ایک سال کے دوران 94 لاکھ سائبر حملوں کا انکشاف، کاسپرسکی کی رپورٹ جاری

ایڈیٹر - 21/11/2026
پاکستان میں گزشتہ ایک سال کے دوران 94 لاکھ سائبر حملوں کا انکشاف، کاسپرسکی کی رپورٹ جاری

اسلام آباد (حسبان میڈیا ٹیکنالوجی ڈیسک) پاکستان میں گزشتہ ایک سال کے دوران سرکاری و نجی اداروں کے ڈیجیٹل نظام اور صارفین کی ڈیوائسز کو نشانہ بنانے والے تقریباً 94 لاکھ سائبر حملوں کا انکشاف ہوا ہے۔ سائبر سکیورٹی کے عالمی ادارے ’کاسپرسکی‘ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر شعبوں کو مختلف نوعیت کے ڈیجیٹل خطرات کا سامنا رہا ہے۔

نومبر 2025 سے اکتوبر 2026 تک کے 12 ماہ کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کاسپرسکی کے 24 فیصد صارفین کو ڈیوائسز پر مبنی سائبر خطرات کا سامنا کرنا پڑا، جن میں یو ایس بی ڈرائیوز، سی ڈیز اور انکرپٹڈ فائل انسٹالرز کے ذریعے پھیلنے والے وائرس اور مالویئر شامل ہیں۔ اس عرصے میں ڈیوائسز پر مبنی 63 لاکھ سے زائد سائبر حملوں کا سراغ لگایا گیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسی دورانیے میں پاکستان کے 15 فیصد صارفین ویب پر مبنی سائبر حملوں کا نشانہ بنے، جن کی مجموعی تعداد 31 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ ان حملوں میں ’فشنگ‘ (جعلی ویب سائٹس اور پیغامات کے ذریعے حساس معلومات چرانے کی کوششیں) اور صارفین کے ڈیٹا تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے والی نقصان دہ ویب سائٹس سرفہرست ہیں۔

اسلام آباد میں منعقدہ ’سائبر تھریٹ انٹیلی جنس سمٹ 2026‘ کے موقع پر منتخب صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کاسپرسکی کی گلوبل ریسرچ اینڈ اینالسس ٹیم کے سینئر سکیورٹی محقق یوسف عبدالمنعم نے کہا کہ پاکستانی سرکاری اور نجی اداروں کو بالخصوص سپلائی چین حملوں اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے جڑے جدید سائبر خطرات سے محفوظ رہنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

سائبر جنگ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سکیورٹی محقق نے انکشاف کیا کہ حالیہ سیاسی اور جغرافیائی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کو فارسی زبان بولنے والے ہیکٹیوسٹ گروپس کی جانب سے بھی مخصوص نوعیت کے سائبر حملوں کا سامنا کرنا پڑا، جن کا بنیادی ہدف پاکستانی سرکاری ادارے اور بحری شعبہ تھے۔