حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
18 سال سے التوا کا شکار ناردرن بائی پاس آئندہ 2 ماہ میں مکمل ہو جائے گا، وزیراعظم افتتاح کریں گے Home / پاکستان /

18 سال سے التوا کا شکار ناردرن بائی پاس آئندہ 2 ماہ میں مکمل ہو جائے گا، وزیراعظم افتتاح کریں گے

ایڈیٹر - 21/11/2026
18 سال سے التوا کا شکار ناردرن بائی پاس آئندہ 2 ماہ میں مکمل ہو جائے گا، وزیراعظم افتتاح کریں گے

پشاور (حسبان میڈیا بیورو) وفاقی وزیر مواصلات و تعمیرات عبدالعلیم خان نے اعلان کیا ہے کہ طویل عرصے سے التوا کا شکار پشاور ناردرن بائی پاس آئندہ دو ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا، جس کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم پاکستان کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے گورنر ہاؤس پشاور میں ایک اہم ملاقات کی۔ اجلاس میں چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کیپٹن (ر) اسد اللہ خان سمیت دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ملاقات میں پشاور ناردرن بائی پاس کی جلد تکمیل، چکدرہ تا دیر شاہراہ کی تعمیر، ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے پر پہاڑ پور انٹرچینج کے قیام اور سدرن بائی پاس منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بتایا کہ این ایچ اے نے اپنی جانب سے ناردرن بائی پاس کی تکمیل کے لیے 5 ارب روپے جاری کیے ہیں اور اب یہ منصوبہ دو ماہ میں پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی اہم قومی شاہراہوں پر قائم ٹول پلازوں سے حاصل ہونے والا ریونیو صوبے میں ہی سڑکوں کی تعمیر و ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔

ملاقات میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چکدرہ تا دیر شاہراہ کی تعمیر سے مقامی آبادی کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی اور خطے میں سیاحت کو فروغ ملے گا، جبکہ ناردرن بائی پاس کو خوبصورت لائٹس اور جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ گورنر نے سابقہ صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت 13 سال تک خیبرپختونخوا میں برسرِ اقتدار رہی اور تین سال وفاق میں بھی ان کی حکومت تھی، اس کے باوجود اس منصوبے کی تکمیل میں 18 سال لگ گئے۔

اجلاس میں حیات آباد سے موٹروے تک ایکسپریس لین کی تعمیر، تجاوزات کے خاتمے کے بعد دستیاب مقامات پر پارکنگ کی سہولیات فراہم کرنے اور ڈیرہ اسماعیل خان تا ڈیرہ غازی خان شاہراہ پر جاری پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے ٹول پلازوں کی تعمیر اور دیگر متعلقہ امور پر مزید پیشرفت کے لیے جلد ایک خصوصی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔