حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مردان ڈی ایچ کیو ہسپتال کی تکمیل کے لیے 400 ملین روپے جاری، ایک ہزار بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال ایک ماہ میں فعال ہوگا، مشیر صحت نگار جوہر۔ Home / پاکستان /

مردان ڈی ایچ کیو ہسپتال کی تکمیل کے لیے 400 ملین روپے جاری، ایک ہزار بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال ایک ماہ میں فعال ہوگا، مشیر صحت نگار جوہر۔

ایڈیٹر - 19/11/2026
 مردان ڈی ایچ کیو ہسپتال کی تکمیل کے لیے 400 ملین روپے جاری، ایک ہزار بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال ایک ماہ میں فعال ہوگا، مشیر صحت نگار جوہر۔

مردان / صوابی (حسبان میڈیا نیوز ڈیسک)

گورنر خیبر پختونخوا کی مشیر برائے صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے اعلان کیا ہے کہ مردان کے نئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور منصوبے کی تکمیل کے لیے 400 ملین روپے کے فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بجلی کی فراہمی سمیت باقی ماندہ ترقیاتی کام مکمل کر کے آئندہ ایک ماہ کے اندر اس جدید ہسپتال کو باقاعدہ فعال کر دیا جائے گا، جبکہ صوابی کے نو تعمیر شدہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کا افتتاح بھی جلد گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق مشیر صحت نگار جوہر کی زیر صدارت کمشنر آفس مردان میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمشنر مردان ڈویژن سید محمد علی شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جواد علی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) مردان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کمشنر سید محمد علی شاہ نے نئے ہسپتال کی تعمیراتی پیش رفت اور دستیاب سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال کا ایڈمن بلاک، ڈاکٹرز بلاک اور نرسز بلاک مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ او پی ڈی اور آئی پی ڈی بلاکس میں بجلی کی فراہمی کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔

اجلاس کے بعد مشیر صحت نے زیر تعمیر ڈی ایچ کیو ہسپتال مردان کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے کہا کہ تقریباً ایک ہزار بستروں پر مشتمل یہ جدید طبی مرکز پشاور کے بڑے تدریسی ہسپتالوں کے ہم پلہ ہوگا، جس سے مقامی آبادی کو دہلیز پر معیاری علاج میسر آئے گا۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ مردان میں امراضِ قلب کے علاج کے لیے کارڈیک سینٹر کے قیام کے حوالے سے وزیراعظم سے بات چیت ہو چکی ہے اور انہوں نے اس منصوبے کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے، جس سے مردان اور ملحقہ اضلاع کے مریضوں کو بڑی سہولت ملے گی۔

مشیر صحت نے مردان اور صوابی کے ہسپتالوں کی بروقت تکمیل میں کمشنر مردان ڈویژن سید محمد علی شاہ کی شبانہ روز محنت اور مؤثر رابطہ کاری کو خصوصی طور پر سراہا۔ بعد ازاں انہوں نے صوابی میں 130 بستروں پر مشتمل مکمل شدہ نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے طبی آلات اور افتتاحی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے حکام کو ہدایت کی کہ تمام انتظامی امور کو فوری حتمی شکل دی جائے تاکہ افتتاح کے فوراً بعد عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی شروع ہو سکے۔