حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
وفاقی حکومت کے روزمرہ اخراجات میں ہوشربا اضافہ، صرف تین ماہ میں 206 ارب روپے سے زائد خرچ ہو گئے! Home / پاکستان /

وفاقی حکومت کے روزمرہ اخراجات میں ہوشربا اضافہ، صرف تین ماہ میں 206 ارب روپے سے زائد خرچ ہو گئے!

ایڈیٹر - 16/11/2026
وفاقی حکومت کے روزمرہ اخراجات میں ہوشربا اضافہ، صرف تین ماہ میں 206 ارب روپے سے زائد خرچ ہو گئے!

اسلام آباد (حسبان میڈیا ڈیسک): ملک میں جاری کفایت شعاری اقدامات اور اخراجات میں کمی کے سرکاری اعلانات کے برعکس رواں مالی سال 27-2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران وفاقی حکومت کے امور چلانے کے اخراجات میں 28 اعشاریہ 21 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ دستاویزات کے مطابق جولائی تا ستمبر 2026 کے دوران وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور ماتحت اداروں کے روزمرہ آپریشنل اخراجات، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر انتظامی امور پر مجموعی طور پر 206 ارب 64 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کا تقابلی جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ گزشتہ مالی سال کی اسی سہ ماہی کے دوران وفاقی حکومت کے امور چلانے کے اخراجات 161 ارب 18 کروڑ روپے کی سطح پر تھے، جس کے مقابلے میں رواں سال کے ابتدائی تین ماہ میں 45 ارب 46 کروڑ روپے کا خطیر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کی دستاویزات میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال 27-2026 کے بقیہ مہینوں کے دوران بھی حکومتی امور چلانے کے اخراجات میں مزید اضافے کا تخمینہ لگایا ہے۔ اس ضمن میں جاری مالی سال کے لیے وفاقی حکومت کے انتظامی و آپریشنل اخراجات کا مجموعی بجٹ ہدف 1 ہزار 71 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، جسے معاشی حلقے کفایت شعاری پالیسیوں کے تناظر میں ایک بڑا چیلنج قرار دے رہے ہیں۔