عمان / اسلام آباد (حسبان میڈیا ڈیسک): اردن کے معروف تحقیقی ادارے 'رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر' نے دنیا کی 500 بااثر ترین مسلم شخصیات کی سالانہ فہرست جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کی سیاسی، عسکری، مذہبی، سماجی اور صحافتی شخصیات نے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ اس عالمی فہرست میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سرفہرست یعنی پہلے نمبر کی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے، جبکہ روزنامہ جنگ اور جیو نیوز سے وابستہ ملک کے نامور سینیئر صحافی، کالم نگار اور ٹی وی میزبان حامد میر بھی بااثر مسلم شخصیات میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر بااثر ترین شخصیات کی ابتدائی صف میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ پاکستانی شخصیات میں مذہبی و سماجی خدمات کے شعبے سے مفتی تقی عثمانی، مولانا طارق جمیل اور ڈاکٹر ادیب رضوی، سیاسی میدان سے عمران خان اور حافظ نعیم الرحمان جبکہ فن و سماجی حقوق کے شعبوں سے عابدہ پروین اور ملالہ یوسفزئی بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔
فہرست میں شامل سینیئر صحافی حامد میر نے اپنے صحافتی کیریئر کا آغاز 1987 میں روزنامہ جنگ سے کیا اور 2002 میں جیو نیوز سے منسلک ہوئے۔ وہ عالمی سطح پر اپنی بے باک رپورٹنگ، آزادیِ صحافت کی جدوجہد اور انسانی حقوق کی وکالت کے حوالے سے منفرد شناخت رکھتے ہیں۔ حامد میر کا شمار ان گنے چنے عالمی صحافیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے 11 ستمبر کے حملوں کے بعد اسامہ بن لادن کا انٹرویو کیا۔ شدید خطرات اور کٹھن حالات کا سامنا کرنے کے باوجود وہ آج بھی ملکی اور بین الاقوامی صحافتی افق پر ایک مضبوط اور توانا آواز ہیں۔ ان کی گراں قدر صحافتی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے انہیں اعلیٰ سول اعزاز 'ہلالِ امتیاز' جبکہ عالمی سطح پر 'سارک لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ' سمیت متعدد معتبر اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔