اسلام آباد (حسبان میڈیا ڈیسک): پاکستان کی معاشی و آئینی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبوں نے وفاقی حکومت کو 57 ارب 46 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کر دی ہے۔ یہ تاریخی پیش رفت رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران عمل میں آئی ہے، جسے ملکی معاشی استحکام اور وفاق و اکائیوں کے درمیان مالیاتی تعاون کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ رقم آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 164 کے تحت منتقل کی گئی ہے۔ آئینی ماہرین اور وزارتِ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 164 کا دائرہ کار قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ سے بالکل الگ ہے، اور یہ شق وفاق اور صوبوں کو اس بات کا اختیار دیتی ہے کہ وہ کسی بھی اہم قومی مقصد کی تکمیل کے لیے ایک دوسرے کو مالی گرانٹ فراہم کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ کی تیاری کے وقت وفاق اور چاروں صوبوں کے درمیان مجموعی طور پر ایک ہزار 35 ارب روپے کی گرانٹ فراہم کرنے کا معاہدہ طے پایا تھا۔ اس طے شدہ مالیاتی فارمولے کے تحت رواں سال پنجاب سے 555 ارب روپے، سندھ سے 263 ارب روپے، خیبر پختونخوا سے 157 ارب روپے جبکہ بلوچستان سے 58 ارب روپے بطور گرانٹ وفاقی خزانے کو دیے جائیں گے۔ پہلی سہ ماہی میں 57 ارب 46 کروڑ روپے کی ادائیگی اسی بڑے معاہدے کی پہلی قسط ہے۔