لاہور (حسبان میڈیا ڈیسک): عالمی تبلیغی جماعت کے امیر اور ممتاز دینی شخصیت مولانا نذر الرحمان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی رحلت کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، جس کے بعد ملک بھر کے دینی، سماجی اور حکومتی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا نذر الرحمان گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور زیرِ علاج رہے، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ تبلیغی جماعت کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ مرحوم کی نمازِ جنازہ کے وقت اور مقام کا حتمی اعلان مشاورت کے بعد جلد کر دیا جائے گا، جس میں ملک بھر سے لاکھوں عقیدت مندوں کی شرکت متوقع ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مولانا نذر الرحمان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان اور تبلیغی جماعت کے اکابرین سے دلی تعزیت کی ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مرحوم نے پوری زندگی دینِ اسلام کی ترویج و اشاعت اور اصلاحِ معاشرہ کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا نذر الرحمان کی گراں قدر دینی خدمات کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔