حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ ۔ اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی ارشاد الحق کا بازار میں تجاوزات اور ناقص صفائی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن Home / باجوڑ /

باجوڑ ۔ اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی ارشاد الحق کا بازار میں تجاوزات اور ناقص صفائی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن

- 15/11/2026
باجوڑ ۔ اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی ارشاد الحق کا بازار میں تجاوزات اور ناقص صفائی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن

ناواگئی / باجوڑ (حسبان میڈیا ڈیسک):
ڈپٹی کمشنر باجوڑ عدنان فرید کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے ناواگئی بازار میں غیر قانونی تجاوزات، ناقص صفائی اور حفاظتی معیار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا ہے۔ کارروائی کے دوران 10 افراد کو حراست میں لے کر موقع پر جرمانے عائد کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی ارشاد الحق نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی حبیب الرحمن اور تحصیلدار ناواگئی عالم زیب کے ہمراہ ناواگئی بازار کا دورہ کیا اور عارضی تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی۔ اس موقع پر سڑکوں اور راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے عارضی تجاوزات قائم کرنے والے افراد کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کی ٹیم نے مختلف بیکری گوداموں پر بھی اچانک چھاپے مارے جہاں صفائی ستھرائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے۔ انتظامیہ نے حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور ناقص صفائی میں ملوث افراد کو فوری طور پر حراست میں لے لیا۔ مجموعی طور پر عارضی تجاوزات اور گندگی پھیلانے کے الزام میں 10 افراد کو حراست میں لیا گیا، جنہیں بعد ازاں بازار کمیٹی کی سفارش اور آئندہ خلاف ورزی نہ کرنے کی ضمانت پر موقع پر جرمانے عائد کر کے رہا کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں، اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی ارشاد الحق نے ناواگئی پیٹرول پمپ کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران پیٹرول پمپ پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے نصب آگ بجھانے والے آلات (Fire Extinguishers) اور سیکیورٹی کیمروں کی فعالیت کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عوامی مفاد اور تحفظ کے پیش نظر اس نوعیت کی کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔