حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ: خار بازار میں انسدادِ تجاوزات آپریشن، بھاری مشینری کے ذریعے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو کلیئر کرنے کا عمل جاری Home / باجوڑ /

باجوڑ: خار بازار میں انسدادِ تجاوزات آپریشن، بھاری مشینری کے ذریعے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو کلیئر کرنے کا عمل جاری

- 15/11/2026
باجوڑ: خار بازار میں انسدادِ تجاوزات آپریشن، بھاری مشینری کے ذریعے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو کلیئر کرنے کا عمل جاری

خار / باجوڑ (حسبان میڈیا ڈیسک):
خیبرپختونخوا حکومت کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ عدنان فرید آفریدی کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے خار بازار میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اس آپریشن کے دوران بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے بازار کی مرکزی سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر خار عامر اللہ خان وزیر کی زیرِ نگرانی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد نثار نے تحصیلدار خار محمد فیاض خان، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) خار کے عملے اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ خار بازار میں بھرپور کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران سڑکوں اور پیدل چلنے والے راستوں پر قائم غیر قانونی تعمیرات، تھڑوں اور رکاوٹوں کو مسمار کر کے راستوں کو بحال کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد خار بازار کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کرنا، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا اور خریداری کے لیے آنے والے شہریوں کی آمدورفت کو آسان بنانا ہے۔ انتظامیہ نے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا ہے کہ عوامی مفاد میں شروع کیا گیا یہ آپریشن تمام غیر قانونی تجاوزات کے مکمل خاتمے تک بلاامتیاز جاری رہے گا۔