خار / باجوڑ (حسبان میڈیا ڈیسک):
ضلع باجوڑ میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر اور مستحکم بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ضلع بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر باجوڑ کے دفتر سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق یہ پابندی آج 15 نومبر سے 15 دسمبر 2026 تک نافذ العمل رہے گی۔
جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق دفعہ 144 کے تحت ضلع بھر میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، جلسے جلوسوں اور عوامی اکٹھ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ریاست اور سرکاری اداروں کے خلاف کسی بھی قسم کی نفرت انگیز تقاریر یا اشتعال انگیز بیانات پر بھی سخت پابندی ہوگی۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ضلع بھر میں ہر قسم کے اسلحے اور ہتھیاروں کی نمائش اور ساتھ لے کر چلنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضلع کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حساس مقامات پر اضافی نگرانی کی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا بنیادی مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور ضلع میں پائیدار امن و امان برقرار رکھنا ہے۔ اعلامیے میں متنبہ کیا گیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔