اسلام آباد (حسبان میڈیا ڈیسک):
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کا دو روزہ اہم اجلاس آج سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے۔ اجلاس کے انعقاد کے لیے تمام تر انتظامی اور سفارتی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ رکن ممالک کے معزز مہمانوں اور وفود کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں علاقائی تجارت کے فروغ، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے سمیت وسطی ایشیائی ریاستوں کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے امکانات پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔ اجلاس کے ایجنڈے میں اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور علاقائی روابط (Regional Connectivity) کو فروغ دینے کے اہم معاملات شامل ہیں۔
اجلاس میں شرکت کے لیے ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان پہلے ہی پاکستان میں موجود ہیں جبکہ ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عباس عراقچی بھی آج اسلام آباد پہنچیں گے اور اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں افغان وزیر خارجہ کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ہے۔
مجموعی طور پر 10 رکن ممالک اور تین مبصرین پر مشتمل اس تنظیم کے اجلاس میں تاجکستان کے وزیر خارجہ بھی شریک ہو رہے ہیں، جبکہ جمہوریہ کرغز اور قازقستان کے نائب وزرائے خارجہ اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔ ترکیے کے وزیر خارجہ حاقان فیدان کی جگہ ترکیے کے نائب وزیر خارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔
شیڈول کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس کی افتتاحی تقریب سے کلیدی خطاب کریں گے، جس کے بعد ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان اور دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔