حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
نئے صوبوں پر ریفرنڈم ہو بھی جائے تو حتمی فیصلہ پارلیمنٹ ہی نے کرنا ہے،مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ۔ Home / سیاست /

نئے صوبوں پر ریفرنڈم ہو بھی جائے تو حتمی فیصلہ پارلیمنٹ ہی نے کرنا ہے،مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ۔

- 15/11/2026
  نئے صوبوں پر ریفرنڈم ہو بھی جائے تو حتمی فیصلہ پارلیمنٹ ہی نے کرنا ہے،مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ۔

اسلام آباد (حسبان میڈیا ڈیسک):
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے واضح کیا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر اگر ریفرنڈم ہو بھی جاتا ہے تو اس کا حتمی فیصلہ پارلیمنٹ ہی نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ تاحال پارلیمنٹ میں نہیں آیا، تاہم جب یہ پارلیمنٹ کے ایجنڈے پر آئے گا تو باقاعدہ پالیسی اسٹیٹمنٹ دی جائے گی اور اس پر تفصیلی بحث ہوگی۔

ایک نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرانے کا اختیار بھی پارلیمنٹ ہی کے پاس ہے، لہٰذا اس حوالے سے تمام آئینی اور قانونی مراحل ایوان کے اندر ہی طے پائیں گے۔

سیاسی صورتحال اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم نے بتایا کہ عمران خان کے دونوں وکلاء نے ان سے ملاقات کی ہے، تاہم ان کا آئندہ رویہ کیا ہوتا ہے یہ آنے والے دنوں میں معلوم ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلاء نے ان ملاقاتوں کے بعد جو سیاسی گفتگو کی ہے، وہ آئندہ کی ملاقاتوں کے لیے رکاوٹ بن سکتی ہے۔

رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کی کال دی ہوئی تھی، حکومت کی جانب سے انہیں سمجھانے کی بھرپور کوشش کی گئی اور ہر طرح کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماضی میں ملاقاتوں پر پابندی صرف اس وجہ سے عائد کی گئی تھی کہ ان ملاقاتوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔