اسلام آباد (حسبان میڈیا ڈیسک):
پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2026 عالمی سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت اور شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ فورم کے اختتام پر جاری کردہ اعلامیے کے مطابق معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری، نئی دریافتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے 13 اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اس بین الاقوامی فورم میں 60 سے زائد ممالک کے 10 ہزار سے زیادہ مندوبین نے شرکت کی۔ فورم کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشترکہ طور پر "نیشنل منرلز ڈیٹا سینٹر" اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے "جیو پورٹل" کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ ان ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے قیام سے معدنی وسائل کی تلاش، مستند معلومات تک رسائی اور سرمایہ کاری کے عمل کو انتہائی آسان اور شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔
معدنی دریافتوں کے حوالے سے اعلامیے میں اہم انکشافات کیے گئے ہیں جن کے مطابق ایف ڈبلیو او (FWO) نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے کے 35 کروڑ ٹن ذخائر کی نشاندہی کی ہے، جبکہ دشت کین چاغی میں تانبے کے ذخائر سے متعلق ابتدائی ڈرلنگ کے اعداد و شمار کا تجزیہ بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح ماڑی منرلز نے چاغی میں سونے اور تانبے کے ذخائر کی پہلی دریافت کا اعلان کیا ہے، جن کا ممکنہ حجم ایک ارب ٹن تک ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، نیشنل ریسورسز لمیٹڈ نے پاکستان کے معدنی شعبے میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ عالمی شہرت یافتہ کان کنی کمپنیوں بیرک مائننگ (Barrick Mining)، ایوان ہو مائنز (Ivanhoe Mines) اور من میٹلز (Minmetals) کے نمائندوں نے بھی فورم میں شرکت کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
فورم میں معدنی مراکز کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے لیے "روہڑی، نوکنڈی ریلوے منصوبے" کی کلیدی اہمیت پر زور دیا گیا اور معدنیات کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی، جیولوجیکل میپنگ اور ریفائننگ کے عمل کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ فورم کے دوران معدنیات کی تلاش میں مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال، سیکیورٹی اور ماحولیاتی معیار سے متعلق خصوصی سیشنز بھی منعقد ہوئے۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کا اگلا ایڈیشن نومبر 2027 میں منعقد ہوگا۔