حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بنوں: امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ۔ Home / قبائلی اضلاع /

بنوں: امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ۔

- 15/11/2026
بنوں: امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ۔

بنوں (حسبان میڈیا ڈیسک):
ضلع بنوں میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے سخت حفاظتی اقدامات اٹھاتے ہوئے ضلع بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر بنوں ضیاء الرحمن کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد ضلع بھر میں عوامی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنا ہے۔ اس حکم نامے کے تحت ضلع بھر میں ہر قسم کے عوامی اجتماعات، جلسے جلوسوں اور احتجاجی مظاہروں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ شاہراہوں اور سڑکوں کی بندش یا آمدورفت میں رکاوٹیں ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ضلع بھر میں ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش اور ساتھ لے کر چلنے پر بھی سخت پابندی عائد رہے گی۔

حکم نامے کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور گاڑیوں پر سیاہ یا دھندلے شیشوں (Tinted Glasses) کے استعمال پر بھی پابندی نافذ کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ضیاء الرحمن نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔