اسلام آباد (حسبان میڈیا رپورٹ): سہیل آفریدی اور بابر سلیم سواتی سمیت 9 ارکانِ اسمبلی کی گرفتاری اور حراست کو وفاقی آئینی عدالت میں باضابطہ طور پر چیلنج کر دیا گیا ہے۔ یہ آئینی درخواست اپوزیشن رہنماؤں محمود خان اچکزئی اور سینیٹر راجا ناصر عباس کی جانب سے ایڈووکیٹ معظم بٹ کے ذریعے دائر کی گئی ہے، جس میں تمام زیرِ حراست منتخب عوامی نمائندوں کو فوری طور پر عدالت میں پیش کرنے اور رہا کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
دائر کردہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ منتخب عوامی نمائندوں کو حراست میں رکھنا دراصل عوامی مینڈیٹ کو غیر مؤثر بنانے کے مترادف ہے۔ درخواست گزاروں کے مطابق محض سیاسی وابستگی کی بنیاد پر ارکانِ اسمبلی کو نشانہ بنانا آئینِ پاکستان کے بنیادی حقوق سے متعلق آرٹیکلز 4، 14، 17 اور 25 کی صریح خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ زیرِ حراست تمام ارکانِ اسمبلی کے مقامِ حراست اور انہیں حراست میں رکھنے کی قانونی حیثیت سے متعلق مکمل تفصیلات عدالت کے روبرو پیش کی جائیں۔
آئینی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکلز 232، 234 اور 245 کے تحت حاصل غیر معمولی اختیارات بھی شہریوں کے بنیادی آئینی حقوق سے بالاتر نہیں ہو سکتے، جبکہ گورنر راج کے نفاذ سے بھی بنیادی حقوق معطل یا ختم نہیں ہو جاتے اور تمام حکومتی اقدامات وفاقی آئینی عدالت کے عدالتی جائزے (جوڈیشل ریویو) کے تابع ہیں۔
درخواست میں اس امر کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے محمود خان اچکزئی اور راجا ناصر عباس کو حکومت کے ساتھ مذاکرات کی باضابطہ ذمہ داری سونپی تھی۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اپنایا کہ ریاستی مشینری کو سیاسی اختلافِ رائے دبانے اور منتخب نمائندوں کو غیر مؤثر بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا، لہٰذا عدالت بنیادی حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے زیرِ حراست ارکان کی رہائی کا حکم صادر کرے۔